واشنگٹن31جولائی(ایس اونیوز ؍آئی این ایس انڈیا)امریکی ریاست ٹیکساس میں فائرنگ کے دو مختلف واقعات کے نتیجے میں ایک خاتون ہلاک جبکہ چار افراد زخمی ہو گئے ہیں۔ حکام نے بتایا کہ دونوں واقعات ریاستی دارالحکومت آسٹِن میں پیش آئے۔خبر رساں ادارے روئٹرز نے امریکی حکام کے حوالے سے بتایا ہے کہ ٹیکساس کے دارالحکومت آسٹِن کے ایک ہی علاقے میں ہوئے شوٹنگ کے دو واقعات کے نتیجے میں ایک خاتون ہلاک ہو گئی۔طبی ذرائع نے بتایا ہے کہ تین ایسے افراد کا علاج جاری ہے، جو گولیاں لگنے سے زخمی ہوئے ہیں۔اتوار اکتیس جولائی کو علی الصباح آسٹِن کی پولیس نے اپنے ٹوئٹر پیغامات میں ان واقعات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ حالات کنٹرول میں ہیں اور لوگوں کو خوفزدہ ہونے کی ضرورت نہیں ہے، آسٹِن کے ایک ہی علاقے میں شوٹنگ کے یہ دونوں واقعات رونما ہوئے ہیں تاہم یہ علاقہ اب محفوظ قرار دے دیا گیا ہے۔آسٹِن کی ایمرجنسی میڈیکل سروس کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ زخمی ہونے والوں میں دو خواتین بھی شامل ہیں۔ اس کے علاوہ ان واقعات میں زخمی ہونے والے ایک شخص نے طبی مدد لینے سے انکار کر دیا تھا۔روئٹرز نے بتایا ہے کہ ان واقعات کے محرکات جاننے کے لیے آسٹِن کی پولیس سے بذریعہ ای میل رابطہ کیا گیا تھا، لیکن پولیس نے تفصیلات بتانے سے گریزکیا۔پولیس نے صرف اتنا کہا کہ ان واقعات کی تحقیقات جاری ہیں اور حقائق معلوم ہونے تک محرکات کے بارے میں کچھ نہیں کہاجا سکتا۔ٹیکساس میں شوٹنگ کے یہ واقعات ایک ایسے وقت پر رونما ہوئے ہیں، جب امریکا میں گن کنٹرول کے بارے میں گرما گرم بحث جاری ہے۔امریکامیں گزشتہ کچھ مہینوں میں فائرنگ کے ایسے کئی واقعات رونما ہو چکے ہیں۔ بارہ جون کو اورلینڈو کے ایک نائٹ کلب میں فائرنگ کے واقعے میں انچاس افراد مارے گئے تھے۔ یہ کارروائی ایک ایسے شخص نے کی تھی، جو جہادی گروہوں کاہمدرد تھا۔اسی طرح سات جولائی کو بھی ایک امریکی فوجی نے ڈیلس میں فائرنگ کرتے ہوئے پانچ پولیس اہلکاروں کو جان سے مار دیا تھا۔ فائرنگ کے ان واقعات کو دیکھتے ہوئے امریکی صدر باراک اوباما کا کہنا ہے کہ امریکا میں گن کنٹرول انتہائی ضروری ہے لیکن اپوزیشن ری پبلکن پارٹی ان واقعات کی روک تھام کے لیے دیگر اقدامات تجویز کرتی ہے۔
بغیر پیراشوٹ کے25ہزار فٹ کی بلندی سے چھلانگ
واشنگٹن31جولائی(ایس اونیوز ؍آئی این ایس انڈیا)امریکہ کے لیوک ایکنز پہلے ایسے انسان ہیں جنھوں نے کامیابی کے ساتھا25ہزار فٹ کی بلندی سے بغیر پیراشوٹ کے چھلانگ لگائی اور بحفاظت جال میں گرے۔مسٹر ایکنز نے مختلف بلندیوں سے تقریباً 18ہزار بار چھلانگ لگا رکھی ہے۔انھوں نے یہ چھلانگ جنوبی کیلیفورنیا کے سیمی ویلی میں لگائی اور جال کے مرکز میں گرے۔دو منٹ پر مشتمل ان کی مہم کو فوکس ٹی وی پر براہ راست نشر کیا گیا۔گرنے کے دوران 42سالہ ایکنز نے 120میل یعنی تقریباً 193کلومیٹر فی گھنٹے کی رفتار حاصل کی۔انھوں نے اعتراف کیا کہ چھلانگ لگانے سے قبل وہ نروس تھے۔ انھوں نے کہا یہ بس ہو گیا۔ میرے منہ سے تو الفاظ نکل ہی نہیں رہے ہیں۔انھوں نے کہا کہ ایک وقت وہ اس چھلانگ کو منسوخ کرنے کا ارادہ کر رہے تھے کیونکہ انھیں حفاظتی اقدام کے طورپرپیراشوٹ پہننے کا حکم دیا گیا تھا اور اس کے اضافی وزن کی وجہ سے ان کا گرنا اور بھی مشکل ہو جاتا۔ان کے ترجمان جسٹن ایکلن نے کہا ایکنز کی چھلانگ ان کے26سالہ کریئر کی انتہا ہے جس میں انھوں نے بغیر پیراشوٹ اور ونگ سوٹ کے سب سے زیادہ بلندی سے اپنا ذاتی اورعالمی ریکارڈ قائم کیا ہے۔ایکنز جو کہ امریکہ میں پیراشوٹ ایسوسی ایشن میں مشیرہیں انھوں نے بتایا کہ ان کے دوست کو دو سال قبل یہ خیال آیا تھا۔